نااہلی کیس میں عمران نے مؤقف تبدیل کیا، سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر

Published On 28 Oct 2017 05:48 PM 

مسلم لیگ نون کے رہنماء حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں عمران خان کے بار بار مؤقف بدلنے پر متفرق درخواست دائر کر دی، عمران کی نئی دستاویزات مسترد کرنے اور اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دینے کی استدعا۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے پہلے کہا کہ فلیٹ کی فروخت کے بعد نیازی سروسز لمیٹڈ بے وقعت ہو گئی تھی لیکن نئی دستاویز کے مطابق، وہ 2012ء تک فعال رہی، کمپنی اکاؤنٹ میں موجود 1 لاکھ پاؤنڈز عمران خان کا اثاثہ تھے مگر انتخابی گوشواروں میں ظاہر نہیں کئے گئے، عدالت پانامہ کیس میں اثاثے ظاہر کرنا لازم قرار دے چکی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ منی ٹریل کی تفصیلات صرف اس دور کی دی گئیں جب عمران خان منتخب نمائندے نہیں تھے، عمران خان کے ترمیم شدہ جواب اور بیان حلفی میں بھی تضاد ہے، وہ الیکشن کمیشن میں اثاثے چھپانے کے مرتکب قرار پائے ہیں۔ ان اقدامات کو ایمانداری پر مبنی نہیں کہا جا سکتا، عدالت عمران خان کی نئی دستاویزات کو مسترد کرتے ہوئے اثاثے چھپانے پر انہیں نااہل قرار دے۔