مائنس ون سیاسی محاذ پر نہیں ہوتا، نااہلی کی تلوار لٹکی رہی تو شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہونگے، عمران خان کو کچھ ملنے والا نہیں، پرویز رشید کی دنیا نیوز سے گفتگو۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے دنیا نیوز سے خصصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی اسلام آباد آمد کے موقع پر وکلاء سے ملاقاتوں کے علاوہ کوئی میٹنگ یا مشاورت شیڈول نہیں، نواز شریف کے بعد شہباز شریف ہی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ذمہ دار ہیں، عمران خان کو شہباز شریف کا بخار کیوں چڑھا ہے، سب جانتے ہیں۔
سینیٹر پرویز رشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی پنجاب پر رٹ اور گرپ کی دنیا معترف ہے، عمران خان انتخابات سے ہمیشہ خوفزدہ رہے ہیں، اب بھی انہیں کچھ ملنے والا نہیں، سیاسی حریفوں کو عدالتوں کے ذریعے ہٹانے کی روش عوام نے قبول نہیں کی، مائنس ون سیاسی محاذ پر نہیں ہوتا۔
سینیٹر پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی سیاست کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، عمران خان اکیلے کھیلنا چاہتے ہیں لیکن سیاست میں ایسا نہیں ہوتا۔