نیب ریفرنسز میں مسلسل عدم پیشی: حسن اور حسین نواز اشتہاری قرار

Published On 15 Nov 2017 12:47 PM 

دونو٘ں ملزموں کو ہر عدالتی فیصلے میں اشتہاری لکھا جائے: عدالت کا حکم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت، عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر سابق وزیراعظم کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو اشہاری قرار دے دیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی، حسن اور حسین نواز آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا گیا۔ عدالت نے کہا دونوں ملزموں کو ہر عدالتی فیصلے میں اشتہاری لکھا جائے۔ کیس کی مزید سماعت 22 نومبر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنسز میں سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کا کیس الگ کرنے اور انہیں اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی تھی، جو رواں ماہ 10 نومبر کو ختم ہوگئی تھی۔ واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف تین اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس دائر کیا ہے۔