جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اٹھائیس نومبر کو سماعت کرے گا۔
لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کی سماعت کیلئے نیا خصوصی بینچ تشکیل پا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی جانب سے حدیبیہ پیپر ملز کیس کے لیے سماعت کیلئے بنائے گئے خصوصی بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس مظہرعالم بھی شامل ہیں۔ بینچ اٹھائیس نومبر کو حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں نیب کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
اس سے پہلے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کیس سننے سے معذرت کر لی تھی جس کی وجہ سے بنچ ٹوٹ گیا تھا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاناما پیپرز کے فیصلے میں حدیبیہ پیپرز مل کیس کھولنے کا حکم دے چکے ہیں اور فیصلے میں اس معاملے پر 14پیراگراف لکھے اس کے باوجود نیب کی اپیل ان کے سامنے لگانا رجسٹرار آفس کی غلطی ہے۔
یاد رہے کہ نیب نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بیس ستمبر کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔