سابق وزیراعظم کی جانب سے قطری وفد کے لئے خصوصی طور پر ظہرانے کا انتظام کیا گیا، قطری شہزادے کو پاکستان پہنچنے پر خصوصی طور پر سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔
لاہور: (دنیا نیوز) قطری شہزادہ حمد بن جاسم نے 13 رکنی وفد کے ہمراہ جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قطری شہزادہ حمد بن جاسم 13 رکنی وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے۔ قطری شہزادے کو وفد کے ہمراہ حج ٹرمینل سے جاتی امرا لے جایا گیا جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق سینیٹر سیف الرحمان بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے قطری وفد کے لئے خصوصی طور پر ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا۔ قطری شہزادے کو پاکستان پہنچنے پر خصوصی طورپر سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔
دفتر خارجہ کا پروٹوکول کے لئے لکھا جانیوالا خط دنیانیوز نے حاصل کرلیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے قطری شہزادوں کو مکمل پروٹوکول اور تمام وی وی آئی پیزسہولیات دینے کا حکم دیا گیا تھا۔ قطری وفد نے ماڈل ٹاؤن میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔