مصطفیٰ کمال کی طاہر القادری سے ملاقات، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار یکجہتی

Published On 09 Dec 2017 06:00 PM 

ن لیگ کے خلاف سیاسی صف بندی، مصطفیٰ کمال کی طاہر القادری سے ملاقات، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عوامی تحریک سے اظہار یکجہتی، نااہل نواز شریف اب سیاست نہیں کر سکتے، لاہور میں گفتگو، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی بھی ملاقات۔

لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر طاہر القادری سے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عوامی تحریک سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت کے سامنے 3 مطالبات رکھ دیئے:

1۔ وزیر اعلیٰ اور وزیر قانون پنجاب مستعفی ہوں۔
2۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث 125 پولیس افسران کو ہٹایا جائے۔
3۔ ججز پر مشتمل کمیشن اور تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے اعلان کیا کہ قانونی جنگ بھی لڑیں گے اور سیاسی اور عوامی جنگ بھی اور حکمرانوں کو تخت سے ہٹانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عوامی تحریک کے مطالبات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ظلم پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، عوامی تحریک کے تمام مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور احتجاج کی ہر کال میں ان کے ساتھ ہوں گے۔ پی ایس پی کے قائدین نے ڈاکٹر طاہر القادری کی امامت میں گوشۂ درود میں نماز عصر بھی ادا کی۔

بعد ازاں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اعجاز چودھری، علیم خان اور میاں محمود الرشید سمیت پاکستان تحریک انصاف کے ایک اعلیٰ سطح وفد ے بھی تحریک منہاج القرآن کے مرکز کا دورہ کیا اور پیٹ کے سربراہ خرم نواز گنڈا پور اور علامہ طاہر القادری سے ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کمیشن رپورٹ آنے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا۔ رہنماؤں نے مستقبل کے ممکنہ احتجاجی لائحہ عمل کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا۔