لندن طلب کئے جانے والے رہنما نواز شریف سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاکستان کی سیاست میں ہونے والی اہم پیش رفت سے نواز شریف کو آگاہ کیا جائے گا۔
لندن: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر خارجہ خواجہ آصف لندن پہنچ گئے، جہاں آج ان کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات ہو گی۔ مسلم لیگ ن کے بڑوں کی اہم بیٹھک میں ملکی سیاست کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ خصوصی طور پر لندن طلب کئے جانے والے رہنما پاکستان کی سیاست میں ہونے والی اہم پیش رفت سے نوازشریف کو آگاہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی آج پاکستان روانگی متوقع تھی لیکن انہوں نے چند دن کیلئے وطن واپسی کو مؤخر کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کی ملاقات میں آئندہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے ایجنڈہ سرفہرست ہو گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیگی رہنما آئندہ عام انتخابات میں تاخیر کے متوقع امکانات پر بھی لائحہ عمل طے کریں گے۔ قبل ازاں لندن پہنچنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر خارجہ خواجہ آصف سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے گھر گئے، جہاں انہوں نے شوکت عزیز سے ان کے صاحبزادے کی وفات پر تعزیت کی۔