دہشتگردی کیخلاف جنگ میں معصوموں کا خون رنگ لایا ہے: وزیراعظم

Published On 16 Dec 2017 10:31 AM 

شہدا کی یاد ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہے گی، انکے خون سے لکھے جانیوالے باب کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا: شاہد خاقان عباس کا سانحہ اے پی ایس کی برسی پر پیغام

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے 16 دسمبر 2014 کا دن ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اس دن بربریت، سفاکیت کے علمبرداروں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا سانحہ اے پی ایس نے قوم میں دہشتگردی کیخلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان نے سانحہ اے پی ایس کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم نے جان ومال کی قربانیاں دی ہیں، پاکستانی قوم جیسی قربانیاں شاید ہی کسی دوسری قوم نے دی ہوں، قوم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو شکست دی، قربانیوں کی بدولت دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا پاکستانی قوم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتی ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں معصوم بچوں کا خون رنگ لایا، سانحے میں بچھڑ جانیوالوں کی یاد ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا انتہاپسندی ہی وہ درخت ہے جس پر دہشتگردی کا زہریلا پھل لگتا ہے، آج کا دن ہمیں متوجہ کرتا رہے گا کہ ہم اپنی صفوں پر نگاہ رکھیں۔

خیال رہے کہ 16 دسمبر 2014ء صبح کے نو بجے خون ناحق بہانے کے عادی دہشتگردوں نے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کر کے 130 معصوم بچوں سمیت 144 افراد کو شہید کر کے پوری قوم کو خون کے آنسو بہانے پر مجبور کردیا تھا۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں کے والدین کواپنے پیاروں کا غم آج بھی کھوکھلا کررہا ہے۔