اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں فاٹا اصلاحات سمیت ملکی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں امیر جے یو آئی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے وزیر اعظم کے چیمبر میں ملاقات ہوئی اور فاٹا کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، آرمی چیف کو اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ آئین سے ماورا فیصلہ مشکلات پیدا کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے گزشتہ رات ان کی وزیر اعظم سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی تھی اور فاٹا بل پر ابھی مزید مشاورت بھی ہو گی، فاٹا کا فیصلہ آئین کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم فاٹا سپریم کونسل سے ملاقات پر رضا مند ہیں۔