اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے طاہر القادری کی ڈیڈ لائن کی حمایت کر دی۔ فواد چودھری نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ نواز شریف عدلیہ کے خلاف تحریک چلائیں گے تو ہم اداروں کے حق میں تحریک شروع کر دیں گے۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کہتے ہیں، نواز شریف نے جس دن عدلیہ کیخلاف تحریک کا اعلان کیا، اُسی روز ان کی جماعت بھی حکومت کے خلاف تحریک شروع کر دے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی رویہ بچگانہ ہے، نواز اور متحدہ بانی میں کوئی فرق نہیں، کیا جو سلوک ایم کیو ایم لندن کے ساتھ ہوا وہی ان کیساتھ نہیں ہونا چاہئے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ تحریک انصاف آئینی ترمیمی بل کی حمایت کرتی ہے، حلقہ بندیوں کا کام جلد مکمل کیا جائے، نئے انتخابات کی راہ ہموار ہو چکی ہے، طاہر القادری جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ساتھ دیں گے، الیکشن کمیشن کو 3 ماہ میں حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر لینا چاہئے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ نواز شریف سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کر رہے ہیں، نواز شریف کے دونوں بیٹے اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، نواز شریف کی سپریم کورٹ کے فیصلے پر رائے اہم نہیں ہے۔