عمران خان ، طاہر القادری ملاقات 26 دسمبر کو ہوگی

Published On 24 Dec 2017 12:54 PM 

دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حکومت مخالف لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مشاورت کی جائے گی

لاہور (دنیا نیوز ) سیاسی محاذ پر حکومت مخالف لائحہ عمل کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کے رابطوں میں تیزی آگئی، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے درمیان رابطے کے نتیجے میں عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کی لاہور میں چھبیس دسمبر کو ملاقات طے پا گئی۔ سانحہ ماڈل ٹائون پر اپوزیشن جماعتوں نے سیاسی محاذ پر شدت لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان ایک اور رابطہ ہوا ہے جس کے بعد طے پایا ہے کہ عمران خان چھبیس دسمبر کو لاہور میں عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کریں گے جس میں حکومت مخالف لائحہ عمل کے لئے مشاورت ہوگی۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کی چھبیس دسمبر کو لاہور میں ملاقات کا شیڈول طے پا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری سے تحریک انصاف کا اعلیٰ سطحی وفد پہلے ہی گزشتہ ہفتے ملاقات کرچکا ہے۔ آصف علی زرداری سمیت اپوزیشن کے دیگر اہم رہنما چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی، شیخ رشید، مصطفے کمال سمیت دیگر بھی طاہر القادری سے ملاقات کرکے اپنی مکمل حمایت کایقین دلا چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے تیس دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس بھی لاہور میں بلا ئی گئی ہے۔ عوامی تحریک نے اکتیس دسمبر کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ اگر شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ مستعفی نہ ہوئےتو پھر فیصلہ کن احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔