ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 3 جوان شہید

Published On 25 Dec 2017 09:32 PM 

راولپنڈی: (دنیا نیوز) احسان فراموش بھارت باز نہ آیا۔ بھارت نے پاکستابن کے جذبہ خیرسگالی کا مزید لاشوں کی صورت میں جواب دے دیا۔ کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کے بھارت پہنچنے سے بھی پہلے ایل او سی پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کر دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے ہیں۔ بھارتی فوج نے راولاکوٹ سیکٹر میں رکھ چکری کے مقام پر گولہ باری کی۔ بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک جوان زخمی بھی ہوا ہے۔ پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کی بندوقوں کو خاموش ہونے پر مجبور کر دیا۔ پاک فوج کی جانب سے دشمن کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔ 

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین 2003ء میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے لیکن بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی کو برقرار رکھتے ہوئے آئے روز معاہدے کی خلاف ورزی کرتا رہتا ہے۔