20 کروڑ لوگوں کی رائے پر 2 یا 5 لوگ اپنا نظریہ مسلط نہیں کر سکتے: مریم نواز

Published On 26 Dec 2017 03:03 PM 

جس کو عوام پلس کر دیں اس کو کوئی مائنس نہیں کر سکتا، اداروں کےساتھ منتخب وزیراعظم کی عزت بھی ہونی چاہیئے: سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب

 لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز کا کہنا ہے جمہوریت میں کٹھ پتلیاں اور امپائر کی انگلیوں پر ناچنے والے نہیں ہو سکتے، 20 کروڑ لوگوں کی رائے پر 2 یا 5 لوگ اپنا نظریہ مسلط نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا جس کو عوام پلس کر دیں اس کو کوئی مائنس نہیں کر سکتا، اداروں کےساتھ منتخب وزیراعظم کی عزت بھی ہونی چاہیئے، منتخب وزیراعظم پر حملہ ایک شخص پر حملہ نہیں بلکہ ہر ووٹر پر حملہ ہوتا ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کونشن سے مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا نوازشریف کو غلط کو غلط کہنے کی سزا ملی، سابق وزیراعظم نے اپنے خاندان کے اوپر آنے والی مصیبتوں کی پروا نہ کی۔انہوں نے کہا نوازشریف نے عوام کیلئے عدل کی جنگ لڑنے کا اعلان کیا، 2013 میں شروع ہونیوالا ن لیگ کا سوشل میڈیا آج کہاں پہنچ چکا ہے اور ہر گلی میں پھیل چکا ہے۔

مریم نوازکا کہنا تھا کارکنوں نے صرف سوشل میڈیا پر نواز شریف کا مقدمہ نہیں لڑا بلکہ این اے 120 کے الیکشن، جی ٹی روڈ ریلی میں بھی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا مخالفین (ن) لیگ کی سوشل میڈیا ٹیم سے ڈرتے ہیں، مخالفین جب ان سے ڈرتے ہیں تو کارکنوں کو گھروں سے اٹھا لیا جاتا ہے۔ لیگی رہنما نے کہا اگر کسی کارکن کو ڈرایا جائے تو سخت ایکشن لینا چاہیئے، سوشل میڈیا ٹیم جس نظریہ کو لے کر چل رہی ہے وہ صرف نوازشریف ہے۔