لاہور (دنیا نیوز) عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کی خواتین کو توڑنے کے لئے رابطے شروع کر دیئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے حال ہی میں منحرف ہونے والی ممبر قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے ملک کی اہم سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ایک نئے مشن کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فاٹا سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب اور حال ہی میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے والی عائشہ گلالئی نے گزشتہ دنوں اپنی نئی سیاسی جماعت تحریک انصاف گلالئی بنانے کے اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف ( عمران ) کی خواتین کو توڑنے اور کابینہ میں شامل کرنے کے لئے رابطے شروع کر دیئے ہیں اس سلسلے میں عائشہ گلالئی نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی سینئر راہنما سیما انوار سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عائشہ گلالئی نے راہنما پی ٹی آئی سیماانوار کو اپنی پارٹی کابینہ میں آنے کی پیش کش بھی کی ہے۔
عائشہ گلالئی نے اس موقع پر راہنما پی ٹی آئی سیماانوار کو اپنی نئی سیاسی پارٹی کا نام ’’تحریک انصاف گلالئی‘‘ بھی بتایا۔
دوسری جانب عائشہ گلالئی سے ملاقات پر سیما انوار نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اورچوہدری سرور کو دھوکہ نہیں دے سکتی، عائشہ گلالئی مجھ سے ملنے آئیں تھیں، عائشہ گلالئی نے اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی، میں اپنی پارٹی سے غداری نہیں کر سکتی۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ پہلے ہونے والی ملاقات کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے۔عائشہ گلا لئی نے پارٹی کی رہنما سیما انوار سے پنجاب میں ناراض خواتین کی لسٹ مانگ لی، جس پر سیما انوار کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما زینب، فرید ہ اور بہت سی خواتین پارٹی چھوڑ چکی ہیں وہ انکو رابطہ نمبر دے سکتی ہیں، عائشہ گلا لئی نے سیما انوار کو بھی اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ جھوٹی امیدیں چھوڑ دیں، عمران خان خواتین کو عزت دینے پر یقین نہیں رکھتے۔
جس پر سیما انوار کا کہنا تھا کہ وہ ابھی اس پر کچھ نہیں کر پائیں گی، یہ سوچ سمجھ کرکرنے والا کام ہے جبکہ عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ آدھی تحریک انصاف انکے ساتھ آ جائے گی۔