'شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، ظلم پر خاموش رہنے والا بھی ظالم ہے'

Published On 30 Dec 2017 12:26 PM 

انتخابات میں کسی سے اتحاد کر کے حصہ نہیں لیں گے، ہمارا اتحاد کسی سے بنا تو انتخابات کے بعد بنے گا: چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال کی میڈیا سے گفتگو

لاہور: (دنیا نیوز) مصطفی کمال کا کہنا ہے سانحہ ماڈل ٹاون میں 14 شہری شہید کیے گئے، ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں، ذمہ داران کیخلاف قانون فوری حرکت میں آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ماڈل ٹاؤن شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ظلم پر خاموش رہنے والا بھی ظالم ہے۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا باقر نجفی کی رپورٹ نے سب کھول دیا، جن پر ظلم ہوا ان سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا آگے کیا کرنا ہے اس کا اے پی سی میں طے کرینگے۔ ان کا کہنا تھا جتنا مذاق ملک سے ہونا تھا ہو گیا، اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ایسے مذاق ہوتے رہے تو اللہ پاکستان پر رحم کرے۔

مصطفی کمال نے کہا کراچی میں نیا سورج طلوع ہوا ہے، انتخابات میں کسی سے اتحاد کر کے حصہ نہیں لیں گے، ہمارا اتحاد کسی سے بنا تو انتخابات کے بعد بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کراچی پاکستان کا دل ہے، کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا، کراچی پر برسوں سے "را" کے ایجنٹ کا قبضہ تھا، را کے ایجنٹ ایم پی ایز اور ایم این ایز کی شکل میں موجود ہیں۔