جلاوطنیاں اب منتخب نمائندوں کا نہیں، آمروں کا مقدر ہوں گی: مریم نواز

Published On 30 Dec 2017 10:23 PM 

برطانوی اخبار کے دعوے پر مریم نواز کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جلا وطنیاں اب عوام کے منتخب نمائندوں کا مقدر نہیں ہیں، جلا وطنی اب آمروں اور جمہوریت پر شب خون مارنے والوں کا مقدر ہو گی۔

لاہور: (دنیا نیوز) برطانوی جریدے کے دعوے کے ردعمل میں مسلم لیگ نون کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی جریدہ زمینی حقائق سے یکسر نابلد ہے، لگتا ہے کہ شائع ہونیوالا مضمون کسی کی خواہش ہے، نواز شریف کی جلاوطنی کسی کی خام خیالی ہے جس پر ہنسا ہی جا سکتا ہے۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ پہلے بھی اٹک قلعہ سے جہاز پر انہیں زبردستی باہر بھیجوایا گیا تھا، 2007ء میں سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود انہیں ملک میں آنے سے روکا گیا، تب سے توہین عدالت کا کیس آج بھی انصاف کے ایوانوں میں انصاف کا طالب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نون لیگ کی قیادت اپنی زمین پر رہنے اور یہاں مرنے کو ترجیح دیگی، نواز شریف کی مقبولیت نے بہت سی قوتوں کو پریشان کر رکھا ہے، ایسی خبریں اور تجزیے نواز شریف کو مائنس نہیں کر سکتے۔