قوم کسی این آراو کو قبول نہیں کرے گی، ایسا کچھ ہوا توسڑکوں پر ہوں گے: چیئرمین پی ٹٰی آئی کی پھر وارننگ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کا کہنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کے دشمنوں نے ایسا بیان دینے پر اکسایا، امریکی صدر میں عقل کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کسی کا لاڈلا نہیں ہوں بلکہ سرٹیفائیڈ صادق اور امین ہوں، قوم کسی این آراو کو قبول نہیں کرے گی اگر ایسا کچھ ہوا تو ہم سڑکوں پر ہوں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سب نجومیوں نے کہہ دیا ہے اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہے، سیاسی مظاہروں پر دہشتگردی کا قانون کیسے استعمال ہو سکتا ہے، دہشتگردی کے کیس کو سیاست میں استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کمزور کے لیے عدالتی نظام کچھ نہیں کر سکتا، چھوٹے چھوٹے مجرم جیلوں میں جبکہ بڑے ڈاکو بچ جاتے ہیں، نواز شریف سے جواب طلب کرنے پر میرے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
عمران خان نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا خورشید شاہ حکومت سے ملے ہوئے ہیں اس لئے انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، نیب میں خورشید شاہ کے خلاف اربوں روپے کرپشن کے کیس ہیں۔ امریکی صدر کی پاکستان کو دھمکی آمیز ٹویٹ پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو سمجھ ہی نہیں کہ افغان جنگ سے پاکستان میں کتنی تباہی ہوئی اور نہ ہی ان کو ماضی کے حقائق کے بارے میں علم ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ یہ جنگ ہماری نہیں تھی، ملک نے دہشت گردی کے خلاف 70 ہزار قربانیاں دیں جبکہ بھاری معاشی نقصان بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا اتنا سب ہونے کے باوجود امریکا ہمیں ذلیل کر رہا ہے، کسی اور سے پیسے لے کر جنگ لڑیں گے تو ذلت ہوگی۔