کوئی این آر او نہیں ہو رہا، مائنس نواز شریف نہیں چلے گا: عابد شیر علی

Published On 02 Jan 2018 03:36 PM 

زرداری اور عمران نے اپنے صوبوں میں کوئی کام کیا تو بتائیں: عابد شیر علی کی میڈیا سے گفتگو

سرگودھا: (دنیا نیوز) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ مائنس نوازشریف نہیں چلے گا،ہمارا این آر او پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری نے سوئس بنکوں میں موجود دولت بچانے کے لئے این آر او کیا تھا۔

سرگودھا میں صارفین کی کھلی کچہر ی اور میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ دھرنوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، سینٹ کا انتخاب بھی ضرور ہو گا اور 2018 کا انتخاب بھی ہم ہی جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم بر سراقتدار آئے تو لوڈ شیڈ نگ کے خلا ف جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر احتجاجی دھرنے دیئے جا رہے تھے، نندی پور سمیت تمام پاور پروجیکٹس کو بہتر انداز میں مکمل کیا جا ئے گا۔

عابد شیر علی نے کہا کہ میں اور میرا محکمہ عوام کو جوابد ہ ہیں، نیلم جہلم پروجیکٹ پر کام تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے جس کا مارچ میں باقاعدہ آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے لوڈ شیڈ نگ کا خاتمہ کر دیا ہے، قمر زمان کائر کی پارٹی نے پیسے کھائے ہیں جب کہ نواز شریف نے وعدے پورے کئے ہیں۔

وزیر مملکت پانی وبجلی نے کہا کہ عمران خان بھی روتا ہے اور آصف زرداری بھی روتا ہے، یہ لوگ کے پی کے اور سندھ حکومت کی کارکردگی سے عوام کو کیوں آگاہ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے صوبہ خیبرپختونخواہ میں اربوں روپے کے ترقیاتی کامو ں کا افتتا ح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف عوام کے دلو ں میں رہتے ہیں، سعودی عرب بھی وہ ملک کی سالمیت کے سلسلہ میں گئے ہیں۔