نقیب اللہ محسود کا قاتل راؤ انوار ہے: رکن اسمبلی جمال الدین، سندھ حکومت نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کر لیا جائے: نوید قمر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی نے کراچی پولیس مقابلے کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھا دیا۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے لاپتہ افراد کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔ پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ ارکان نے نقیب اللہ محسود ہلاکت کی مذمت کی۔
شاہ جی گل آفریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نقیب اللہ محسود کراچی میں مارا گیا، نقیب محسود کے پاس وطن کارڈ تھا اور یہ کارڈ کلیئرنس کے بعد ہی جاری ہوتا ہے، گزشتہ سال قبائلیوں سے کراچی میں ہونیوالے واقعات کی تفصیل دی جائے جس پر اسپیکر نے وزارت انسانی حقوق کو ہدایت کرتے ہوئے کہا اگلے ہفتے رپورٹ لازمی دی جائے۔ رکن قومی اسمبلی جمال الدین نے کہا راؤ انوار نقیب اللہ محسود کا قاتل ہے۔
پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے کہا سندھ حکومت نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، ایک دو روز میں رپورٹ آنے پر معاملہ واضح ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کیا جائے۔