اوکاڑہ: (دنیا نیوز) ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے لیڈر کے ساتھ مسلسل زیادتیاں ہوئیں، ساڑھے 4 سال تک ملک دھرنوں کی نظر رہا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ابھی خیبر پختونخوا پر توجہ دیں، آصف زرداری سندھ کو کھنڈر نہ بننے دیں، گالیاں اور طعنے دینے والوں کو جواب دینا پڑے گا، ہم مخالفین کی گالیوں کا جواب ترقی سے دیں گے اور الزامات کا جواب کارکردگی سے دیں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ انصاف پر مبنی نہیں تھا، نااہلی کے فیصلے سے ہمارے جلسوں کی رونق بڑھ گئی ہے، آصف زرداری کی وجہ سے پیپلز پارٹی ختم ہوئی، آصف زرداری کارکردگی دکھاتے تو شاید پیپلز پارٹی ختم نہ ہوتی، مخالفین نے مقابلہ کرنا ہے تو سیاست کے میدان میں کریں، ہم سے استعفیٰ مانگنے والے اپنا استعفیٰ دے جاتے ہیں، پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے خود پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں اور تنخواہ پوری لیتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شیخ رشید کا استعفیٰ 31 جنوری سے پہلے نہیں آئے گا، عوام ووٹ اسمبلیاں توڑنے کیلئے نہیں کارکردگی کیلئے دیتے ہیں، ہمارے دشمن پاکستان پر نظریں لگائے بیٹھے ہیں، ایک دوسرے پر تنقید کے بجائے ملک کے بارے سوچنا چاہئے۔