پی آئی اے طیاروں کا سیفٹی انڈیکس خطرناک حد سے تجاوز،پروازوں پر پابندی کا خدشہ

Published On 25 Jan 2018 01:49 PM 

بوئنگ777 اور ایئربس 320 کی دیکھ بھال پر توجہ نہیں دی جارہی: ذرائع

کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے کے طیاروں کا سیفٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق سافا ریٹنگ میں مسلسل اضافہ سے یورپ اور مشرق وسطیٰ جانیوالی پی آئی اے کی تمام پروازوں پر پابندی عائد ہوسکتی ہے۔

سیفٹی انڈیکس سے متعلق سافا کی رپورٹ دنیانیوز نے حاصل کرلی جس میں پی آئی اے کا سافا انڈیکس خطرناک حد 2.31 تک تجاوز کر گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے یورپ جانے والے بوئنگ 777 طیاروں، مشرق وسطیٰ جانیوالے طیارے ایئر بس 320 کی مینٹیننس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، سافا کے ریمپ انسپیکشن نے متعدد بار پی آئی اے کے طیاروں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے پی آئی اے سافا انڈیکس کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پی آئی اے کا سافا انڈیکس 2.1 تک جا پہنچا ہے، اوسلو میں پی آئی اے کے طیارے کی رپورٹ بہتر آئی ہے۔