اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف توہین عدالت کے سب سے بڑے مرتکب، انہیں نہال ہاشمی کی طرح جیل میں کیوں نہیں ڈالا جاتا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جب گناہ کبیرہ کے مرتکب افراد کو چھوڑ دیں گے اور گناہ صغیرہ میں ملوث افراد کو پکڑیں گے تو لوگ سوال تو ضرور کریں گے۔ عدالت کا رعب تو تب قائم ہوگا جب عدالت پرویز مشرف کو ان کے جرائم پر اسی طرح جیل میں ڈالے جیسے نہال ہاشمی کو سزا دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس دن سپریم کورٹ مشرف کو طلب کرکے پولیس کو کہے گی کہ اس آمر اور آئین شکن کو اڈیالہ جیل میں بھیجو تو میں مانوں گا کہ آج ہماری سپریم کورٹ آزاد ہوگئی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر ن لیگ کو ٹارگٹ کیا جائے گا تو لوگ سمجھیں گے کہ یہ انتخابات سے پہلے دھاندلی کا ایجنڈا ہے۔ اس وقت یہ بھی گمان کیا جارہا ہے کہ جس طرح اقامے پر نواز شریف کو عہدے سے ہٹا یا گیا تھا، الیکشن سے پہلے ان کو احتساب عدالت سے سزا دلوا کر مسلم لیگ نون کے خلاف پری پول دھاندلی کی جائے۔