اسلام آباد: نقیب کے قتل کیخلاف عمائدین کا دھرنا جاری، ریحام خان بھی پہنچ گئیں

Published On 03 Feb 2018 04:46 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نقیب اللہ محسود کے قتل کیخلاف شہر اقتدار میں قبائلی عمائدین کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین راؤ انوار کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ریحام خان بھی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنے میں پہنچ گئیں، کہتی ہیں انصاف ملنے تک احتجاج جاری رہے گا۔

اس موقع پر دھرنے کے شرکاء اور میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ نقیب اللہ کے ماورائے عدالت کیخلاف مظاہرین کا دھرنا بڑے مقصد کیلئے ہے لیکن دھرنے کا میڈیا بلیک آؤٹ ہے یوں لگتا ہے کہ اسلام آباد میں کچھ نہیں ہو رہا، میڈیا کے پی کی عوام کے مسائل کو کوریج نہیں دیتا۔

ریحام خان نے مزید کہا کہ اگر کوئی پاکستانی پشتون کپڑوں میں ہو تو اسے دہشتگرد اور انتہاء پسند کہتے ہیں، ہم اسی لباس اور چادر کے ساتھ انگریزوں سے لڑے تھے، ہم پاکستان کیلئے لڑے، اب یہ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے اور یہ دھرنا نہیں ختم کریں گے جب تک کہ ہمیں انصاف نہ مل جائے۔