اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب ہاؤس میں نواز شریف کی وکلاء اور کارکنوں سے ملاقات ہوئی جس میں احتساب عدالت میں پیشی اور قانونی نکات پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق، ملاقات میں مریم نواز، امیر مقام، مریم اورنگزیب، آصف کرمانی، حنیف عباسی، سعود مجید اور مصدق ملک بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق، ملاقات میں عوامی رابطہ مہم اور حالیہ جلسوں پر تبادلہ خیال، پارٹی رہنماؤں، کارکنوں کی پشاور اور مظفر آباد میں کامیاب جلسوں پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا عوامی عدالت نے میری نا اہلی کو مسترد کر دیا ہے، تمام مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا وقت ثابت کرے گا میرے خلاف انتقامی کارروائی ہو رہی ہے، میرے نہیں ملکی ترقی کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی، آئندہ بھی کریں گے، عوامی مینڈیٹ کو چھیننے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔