کراچی: سلمان مجاہد بلوچ نے پی ٹی آئی کے کارکن پر اسلحہ تان لیا، مقدمہ درج

Published On 13 Feb 2018 02:32 AM 

رسی جل گئی مگر بل نا گیا، کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ نے پی ٹی آئی کے کارکن پر اسلحہ تان لیا۔ واقعہ کا مقدمہ گزری تھانے میں درج کر لیا گیا۔

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیوایم فاروق ستار گروپ کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ نے معمولی سے جھگڑے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا سے وابستہ کارکن احسن علوی پراسلحہ تان لیا۔ پی ٹی آئی کارکن احسن علوی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ ڈیفنس فیز 2 کی ایک گلی سے گزر رہے تھے کہ مخالف سمت سے سلمان مجاہد اپنی گاڑی میں آرہے تھے۔ تنگ گلی ہونے کی وجہ سے وہ سلمان ماجد بلوچ کی گاڑی کو فوری طور پر راستہ نہ دے سکے، جس پر سلمان مجاہد بلوچ کے گارڈز نے ان پر اسلحہ تان لیا اور نازیبہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے دھمکیاں دیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی اور خرم شیر زمان گزری تھانے پہنچ گئے اور سلمان مجاہد کیخلاف درخواست دی۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کی ہدایت پر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں سلمان مجاہد بلوچ کو نامزد کیا گیا ہے۔