لاہور ہائیکوٹ: اسحاق ڈار کی اپیل منظور، سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

Published On 17 Feb 2018 11:02 AM 

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے ن لیگی امیدوار وزیراعظم کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی اور نزہت صادق کیخلاف بھی درخواستیں مسترد کر دیں۔

 تفصیلات کے مطابق، لاہور ہائی کورٹ میں اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی ۔ سابق وزیر خزانہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار نے ٹیکنو کریٹ اور جنرل نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ دو سیٹوں کیلئے الگ الگ بینک اکاؤنٹس نہ ہونے کو بنیاد بنایا گیا جبکہ غیر تصدیق شدہ شناختی کارڈر کو بھی بنیاد بنا کر کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے۔ وکیل نے دلائل دیئے کہ ریٹرننگ افسر نے امیدوار کے وکیل کو سنے بغیر کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

پنجاب الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا دو سیٹوں پر ایک ہی بینک ظاہر کرنا اور غیر مصدقہ شناختی کارڈ جمع کرانا بدنیتی ہے ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان کی بہن سعدیہ عباسی اور نزہت صادق کو بھی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی۔