کراچی: (دنیا نیوز) راؤ انوار کو پکڑنے کیلئے دباؤ بڑھانے کا پلان، کراچی پولیس نے مفرور افسر کے قریبی ساتھی ڈی ایس پی قمر کو حراست میں لےلیا
تفصیلات کے مطابق راؤ انوار اینڈ کمپنی کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے کراچی پولیس نے راؤ انوارکے اہم ساتھی ڈی ایس پی قمر احمد کو تحویل میں لے لیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈی ایس پی قمراحمد 13جنوری کے جعلی مقابلے میں راؤ انوار کے ساتھ تھے۔ تفتیشی حکام نے راؤ انوار خان کے تینوں موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کرلیا۔
نقیب اللہ کے مقابلے سے قبل اور بعد میں راؤ انوار نے جن پولیس افسران، اہلکاروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بات کی ان کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راؤ انوار کی گرفتاری کے لیے ان کے رابطہ کاروں سے تفتیش کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ رابطہ کاروں کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے جس میں پولیس اور میڈیا کے کئی نمائندے شامل ہیں۔