گوجرانوالہ: کار موڑ کاٹتے نالے میں جا گری، میاں بیوی 2 بچوں سمیت جاں بحق

Published On 20 Feb 2018 12:29 PM 

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ سمن آباد کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کی وجہ سے کار سیوریج نالے میں گر گئی ، کار میں سوار میاں بیوی اور دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ، سمن آباد چونگی کے قریب گزشتہ رات کالے رنگ کی کار سیوریج نالے میں گر گئی جس کے باعث کار گندے پانی میں ڈوب گئی ۔ ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر کار میں سوار چاروں افراد کو باہر نکلا تو وہ دم توڑ چکے تھے ۔

جاں بحق ہونے والوں میں جڑانوالہ فیصل آباد کا رہائشی ناصر اس کی اہلیہ اور دو بچے شامل ہیں۔ جس میں 5 سالہ بچی اور 8 سالہ بچہ شامل ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق اس جگہ پر آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں ۔ جس کی بڑی وجہ نالے کے ساتھ کوئی حفاظتی دیوار اور جنگلہ نہ ہونا ہے ۔ انتظامیہ کو اس حوالے سے متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی ۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ نالہ کے ساتھ کوئی حفاظتی دیوار یا جنگلہ لگایا جائے تا کہ دوبارہ اس طرح کا حادثہ رونما نہ ہو سکا۔