کراچی: (دنیان یوز) کراچی کی سڑکوں پر نشے میں دھت نوجوان شارع فیصل پر سرعام فائرنگ کرتے ہوئے خود ہی ویڈیو بناتا رہا ۔ نوجوان نے سڑک پر دو فائر کئے۔ قانون شکنی کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
نشے میں دھت عدنان پاشا شارع فیصل پر ایک ہاتھ میں پستول تھامے مغلظات بکتے ہوئے قانون نافذ کرنے والوں کو للکتا رہا اور دوسرے ہاتھ سے خود ہی ویڈیو بھی بناتا رہا۔
عدنان پاشا رینٹ اے کار کے کاروبار سے منسلک ہے جو گاڑیوں کا شوق رکھتا ہے۔ اپنی ویڈیو کو وائرل کرنے کا الزام ذیشان عرف شانی پر دھر دیا جس کے بعد اپنی فیس بک پروفائل پر پہلے کھلم کھلا دھمکیاں دیں پھر سب کچھ ڈیلیٹ کر دیا۔
وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے شارع فیصل پر کھلے عام فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی اور ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی۔