کوئٹہ: موٹرسائیکل سواروں کی ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

Published On 28 Feb 2018 09:58 AM 

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کو ایک بار پھر دہشت گردوں نے نشانے پر لے لیا۔ اسمنگلی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس افسر کی گاڑی پر گولیاں برسا دیں۔ گاڑی میں سوار ڈی ایس پی حمید اللہ اور ان کی اہلیہ محفوظ رہیں تاہم ان کے دو گارڈ حملے میں شہید ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق، نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ڈی ایس پی حمید اللہ کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ جا رہے تھے۔ ڈی ایس پی حمید اللہ اور ان کی اہلیہ فائرنگ سے محفوظ رہیں تاہم گاڑی میں پیچھے بیٹھے ہوئے ان کے 2 گارڈز شہید اور ایک راہگیر بچہ زخمی ہو گیا۔ ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے ایک ویڈیو ملی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی۔

شہید اہلکاروں کی لاشیں سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت محمد شاہ اور طاہر بلوچ کے نام سے ہوئی۔ ڈی ایس پی حمید اللہ دستی کے بھائی ڈی ایس پی امیر محمد اپریل 2013 میں دہشتگری کا شکار ہوئے تھے۔


وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت


وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس فورس کا حوصلہ پست نہیں ہوگا، دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔