اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد میں اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس میں صدر نیشنل بینک سعید احمد سمیت تین ملزم احتساب عدالت پیش ہو گئے۔ عدالت نے ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو دینے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔ تینوں نامزد ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان میں سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا شامل ہیں۔ عدالت میں ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔ وکیل سعید احمد نے کہا کہ اسحاق ڈار کے خلاف پورے نیب ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی جائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نامزد ملزمان کو صرف ضمنی ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی جائیں۔ وکیل قاضی مصباح نے کہا کہ اس کا مطلب قتل چھری سے ہوا ہے تو چھری کے وار کی حد تک ہو للکارنے کا ذکر نہ ہوا۔
عدالت نے نامزد ملزمان کو پورے ریفرنس کی کاپیاں 5 مارچ کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔