بھارتی فائرنگ سے بزرگ شہری کی شہادت، پاکستان کا سخت احتجاج

Published On 01 Mar 2018 09:57 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لائن آف کنٹرول پر بزرگ شہری کی شہادت بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے سخت احتجاج کیا ہے۔

بھارت جارحیت سے باز نہ آیا، ایل او سی کے نہتے شہریوں پر فائرنگ معمول بن گئی۔ بزرگ شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے سخت احتجاج کیا ہے۔

قائم مقام ڈی جی ساؤتھ ايشيا اینڈ سارک ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ جے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر پی سنگھ کے حوالے کیا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ بھارتی فوج نے يکم مارچ کو کوٹلی، جندروٹ اور چيری کوٹ سیکٹرز ميں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے 70 سالہ شہری شہيد جبکہ خاتون زخمی ہوئی۔ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا سیز فائر معاہدے کے ساتھ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارت رواں برس اب تک 400 سے زائد مرتبہ سيز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ بھارتی جارحيت کے نتيجے ميں اب تک 19 شہری شہيد جبکہ 69 زخمی ہوئے ہیں۔