اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کیس میں سیکرٹری قانون عدالت پیش ہوئے۔ حکومت کی جانب سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کی یقین دہانی کرا دی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ معاملہ پر اپنی سفارشات حکومت کو بھجوا چکے ہیں ، سمری پر حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا سیکرٹری قانون سے معلومات لے کر آگاہ کرتا ہوں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے طلب کئے جانے پر سیکرٹری قانون نے بتایا کہ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری منگل کو آگے بھیج دی ہے ، 12 مارچ سے قبل ان کی مدت میں توسیع کر دی جائے گی ۔ عدالت نے حکم دیا کہ سمری سے متعلق 10 مارچ کو پیش رفت سے آگاہ کریں۔
خیال رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف فیملی کے خلاف احتساب ریفرنسز کی سماعت کرنے والے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری وزارت قانون کو بھجوائی تھی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں اور داماد کیخلاف لندن فلیٹس، العزیزیہ اور فلیگ شپ انوسمنٹ ریفرنسزکی سماعت کرنے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 12 مارچ کو ریٹائر ہو جائیں گے، نوازشریف کیخلاف ضمنی ریفرنسز بھی دائر ہو چکے ہیں، جو سپریم کورٹ کی جانب سے مقررہ عرصے سے زیادہ وقت لے سکتے ہیں۔