اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسحاق ڈار کے خلاف ایس ای سی پی میں مبینہ غیر قانونی تقرریوں کی انکوائری کا آغاز، چیئرمین نیب نے ملتان سکھر موٹروے کے ٹھیکے میں اربوں روپے کی بے ضابطگی کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا۔
نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسحاق ڈار کیخلاف ایس ای سی پی میں غیر قانونی تقرریوں اور گوجرانوالہ سے ایم پی اے سہیل ظفر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ ممبر پالیسی بورڈ ایس ای سی پی عثمان سیف اللہ کیخلاف شکایت کی بھی تحقیقات ہونگی۔
نیب کا کہنا ہے کہ تمام شکایات کی جانچ مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہے جو حتمی نہیں، تمام متعلقہ افراد سے قانون کے مطابق ان کا موقف بھی معلوم کیا جائے گا۔