اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ کے لئے فنکشنل لیگ نے حمایت کی یقین دہانی کرا دی، کل ایم کیو ایم اور پیر صاحب پگارا سے بھی ملاقات کریں گے، پیر پگارا نے غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا دیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف نے رضا ربانی کا نام بہت خلوص سے دیا مگر آصف زرداری کو برا کیوں لگا، اس بارے وہ ہی جانتے ہوں گے، سینیٹ الیکشن کے معاملے پر آصف زرداری صاحب سے شکایت ہے ، پیپلزپارٹی سے نہیں ، دوسری جماعتوں کے ووٹ چرانے کی کوشش مناسب نہیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا چیئرمین سینیٹ کیلئے ابھی کسی کو نامزد نہیں کیا ، سیاسی ٹیم تشکیل دے دی جو اتحادیوں اور پارلیمانی گروپس سے ملاقات کریگی۔ انہوں نے کہا جماعتوں کے ارکان کے بجائے ڈائریکٹ جماعت سے رابطہ کرنا چاہیے، چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر پرسوں شام کو ٹھوس بات سامنے آجائے گی۔