مشال قتل کیس کا مرکزی ملزم 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Published On 09 Mar 2018 03:51 PM 

مردان: (دنیا نیوز) مردان سیشن کورٹ نے مشال قتل کیس کے مرکزی ملزم عارف مردانوی کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

دوسرجانب مشال خان کے والد محمد اقبال نے سپریم کورٹ سے مشال خان قتل کیس میں ازخود نوٹس لینے کامطالبہ کر دیا۔ پشاور پریس کلب میں اپنے وکلاء کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد اقبال کا کہناتھا کہ دنیا بھر کی نظریں مشال خان کیس پر لگی ہوئی ہیں ، کیس میں نامزد افراد کا رہائی پانے کے بعد استقبال کیا گیا جو ریاست کیلئے سوالیہ نشان ہے۔

مشال خان کے والد کا کہنا تھا کہ مشال قتل کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری جان بوجھ کر ایک سال بعد ظاہر کی گئی ، واقعے میں نامزد 26 افراد کو رہا کیا گیا ۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ ان افراد کی رہائی کا ازخود نوٹس لیں۔ انہون نے کہا صوبائی حکومت بھی کیس کی پیروی میں فعال کردار ادا کرے ، ہمیں آج بھی اس کیس پر تحفظات ہیں اور وکلاء پر بھی اس کا پریشر ہے۔