لاہور: (دنیا نیوز) ایل ڈی اے اور پیراگون سٹی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق سے بیان حلفی طلب کر لیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ایل ڈی اے اور پیراگون سٹی سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کی۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق عدالت میں پیش ہوئے ۔ دوران سماعت خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میرا پیرا گون سٹی سے کوئی تعلق نہیں ، یہ الزامات سن سن کر کان پک چکے ہیں ، پیراگون سٹی شیئر ہولڈرمیرے ووٹرز اورسپورٹرزہیں ۔ اس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سارا شہرا کہتا ہے پیرا گون آپ کا ہے اور آپ نے کہا کوئی تعلق نہیں ، سیاسی تقریر نہیں سیدھی بات کریں ۔ سپریم کورٹ نے سعد رفیق سے بیان حلفی طلب کر لیا۔
سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کسی ہاؤسنگ سکیم کا مالک نہیں ہوں ، پیر کو بیان حلفی جمع کرا دیں گے۔ انہوں نے کہا گزشتہ ڈھائی سال سے میرا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے ، امید ہے اس کے بعد الزام تراشیوں کا سلسلہ بند ہو جانا چاہیئے۔