نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کون ہیں؟

Last Updated On 12 March,2018 06:51 pm

 چیئرمین کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صادق سنجرانی نے 57 ووٹ حاصل کیے جبکہ راجہ ظفر الحق 46 ووٹ حاصل کر سکے۔ صادق سنجرانی سینیٹ میں چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار تھے۔

صادق سنجرانی کا تعلق خان بہادر فیملی کے سنجرانی قبیلے سے ہے۔ صادق سنجرانی نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے بیچلرز ڈگری حاصل کی ہے۔ ان کے کزن عاطف سنجرانی 1997 سے 1999 تک رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ ایک اور کزن میرامان اللہ سنجرانی چاغی سے رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔

صادق سنجرانی ہائی پروفائل حکومتی عہدوں پرکام کرچکے ہیں۔ 1999 میں وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے شکایت سیل کے کوآرڈینیٹر رہے ، اس کے علاوہ2009 میں وزیراعظم معائنہ کمیشن کے رکن اور پھر چیف کوآرڈینیٹر، مشیر کے طورپر بھی کام کیا۔ صادق سنجرانی’’ سنجران مائننگ کمپنی‘‘ کے چیف ایگزیکٹوبھی ہیں، نیشنل انڈسٹریل پارکس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور حب پاور کمپنی (حبکو) میں ڈائریکٹر ہیومین ریسورس کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں

صادق سنجرانی کے والد خان محمد آصف سنجرانی ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں جبکہ ایک بھائی رازق سنجرانی سینڈیک میں ڈائریکٹر جبکہ دوسرے بھائی میر محمد سنجرانی بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ ثنا اللہ زہری کے مشیر رہ چکے ہیں۔ صادق سنجرانی کا عوامی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا بلکہ ان کی پہچان ایک کاروباری شخصیت کی ہے۔ ان کا کاروبار بلوچستان کے علاوہ دبئی میں بھی پھیلا ہوا ہے۔ وہ 1998 میں میاں نواز شریف کے کوآرڈینیٹر رہے، بعد میں دس سال انھوں نے حکومت سے کنارہ کشی اختیار کی۔ جب 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو انھیں یوسف رضا گیلانی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا اور وہ پانچ سال تک اسی منصب پر فائز رہے۔


بلوچستان کے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین کے لیے انوارالحق کاکڑ اور صادق سنجرانی کے نام پیش کیے تھے، جن میں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے صادق سنجرانی کا نام منظور کیا، جس کے بعد ان کی نامزدگی کا اعلان کیا گیا۔

سینیٹر صادق سنجرانی آصف زرداری سے قریبی تعلقات رکھتے ہیں، کہا جاتا ہے کہ ان کی ہی ہدایت پر صادق سنجرانی کو یوسف رضا گیلانی کا کوارڈینیٹر مقرر کیا گیا تھا۔