تارکین وطن کو شناختی کارڈ فیس میں ریلیف دینے کا فیصلہ

Last Updated On 26 March,2018 01:24 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز ) سپریم کورٹ نے حکومت کو تارکین وطن کو شناختی کارڈز کی فیس میں اسی ہفتے ریلیف دینے کی ہدایت کر دی۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنے علاقے میں کالج کی تعمیر میں عدالتی حکم امتناع کا معاملہ چیف جسٹس کے سامنے اٹھا دیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

وزیر داخلہ احسن اقبال عدالت میں پیش ہوئے۔ احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا آپ بڑے اہم لوگ ہیں، آپ نے عوام کو قیادت دینی ہے، جب لوگ مسائل لیکر عدالتوں میں آتے ہیں تو ہمیں شرم آتی ہے۔ اس پر احسن اقبال نے کہا کہ وہ بھی عوامی مفاد کا ایک معاملہ عدالت کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔ سات سال قبل اپنے حلقے میں لڑکے اور لڑکیوں کے پوسٹ گریجوایٹ کالج کے منصوبے منظور کرائے تھے۔ لڑکوں کا کالج تو بن گیا مگر لڑکیوں کا کالج آج تک عدالتی حکم امتناع کے باعث نہیں بن سکا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کیا آپ سمجھتے ہیں کہ عدالتیں دشمن ہیں، ہم اس معاملے کی فائل منگوا لیتے ہیں، آپ ذمہ دار وزیر ہیں مگر تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت دینے کیلئے آپ نے کچھ نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ نائیکوپ کی فیس میں کمی کا معاملہ وزیراعظم کے پاس لیکر جائیں اور تارکین وطن کو شناختی کارڈ کی فیس پر اس ہفتے تک ریلیف دیں۔ عدالت نے بدھ تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس نے احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا لڑکیوں کے کالج پر حکم امتناع سے متعلق کیس کا نمبر دے دیں، ہوسکتا ہے ہم خود ہی ہدایت جاری کردیں۔