ہائی پروفائل ٹارگٹ کلر رئیس ماما کا 20 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Last Updated On 27 March,2018 04:40 pm

کراچی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے ہائی پروفائل ٹارگٹ کلر رئیس ماما کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے 20 روز تک کورنگی پولیس کے حوالے کر دیا ہے اور آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔ رئیس ماما کا ریمانڈ کورنگی تھانے میں درج اسلحہ اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی کے مقدمے میں دیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کےخلاف نائن زیرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمات میں گرفتاری ڈالنی ہے۔

اس سے قبل ایم کیو ایم کے بدنامِ زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس ماما کو کراچی منتقل کیا گیا۔ رئیس ماما کو انٹرپول کے ذریعے ملائیشیا سے لایا گیا تھا، کورنگی پولیس نے ملزم کو ائیرپورٹ سے تحویل میں لیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم متحدہ لندن رابطہ کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کا فرنٹ مین تھا۔ سانحہ چکرا گوٹھ میں کامران مادھوری سمیت 10 سے زائد ملزمان گرفتار ہیں۔

رئیس ماما سانحہ چکرا گوٹھ کا مرکزی ملزم ہے۔ ملزمان نے چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر فائرنگ کر کے کئی اہلکاروں کو قتل کر دیا تھا۔ ملزم کو سانحہ 12 مئی میں بھی ملوث قرار دیا جاتا ہے، رئیس ماما کورنگی میں ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج تھا۔