اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی بھی نیب کے شکنجے میں آ گئے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے مبینہ کرپشن کے الزام پر انکوائری کی منظوری دے دی۔ کئی اہم سابق سرکاری افسران کے خلاف ریفرنسز اور تحقیقات کی بھی منظوری دے دی گئی۔
چیئرمین نیب کے زیرِ صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حُروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں متعدد ریٹائرڈ سرکاری افسران کے خلاف ریفرنسز، تحقیقات اور انکوائریوں کا بھی حکم دیا گیا۔
پیر صبغت اللہ شاہ راشدی اور بورڈ آف ریونیو کورنگی کراچی کے افسران پر غیر قانونی طور پر سرکاری پلاٹ ایک شخص کو الاٹ کرنے، ڈیفنس ویو سوسائٹی کراچی کی اراضی الاٹ کرنے اور غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے قومی خزانے کو 21 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ایم ڈی ایس ایس جی سی ایل عظیم اقبال صدیقی، سابق چیئرمین فنانس کمیٹی شاہد عزیز صدیقی اور جنرل مینجر فنانس ملک عثمان حسن اور دیگر کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی بھی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو ایک ارب سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔