اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے حکومت کی اعلان کردہ ایمنسٹی سکیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان نے معاملہ ایوان میں بھرپور انداز سے اٹھانے کی ہدایت کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا تحریک انصاف نے بخشش کی ایک اور حکومتی منصوبہ بندی مسترد کر دی، ایمنسٹی اسکیم مجرموں کو بچانے کی ایک اور کوشش ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم مدت پوری ہونے سے 45 روز پہلے ایسا کیوں کرنا چاہتےہیں ؟ حکومت نے بجٹ سے 2 ہفتے پہلے ایسا کیوں کیا ؟۔ ان کا کہنا تھا ایمنسٹی اسکیم ایماندار ٹیکس دہندگان کے منہ پر طمانچہ ہے۔
PTI rejects yet another amnesty scheme which is one more brazen attempt by Abbasi to save criminals. Why would PM seek to do this just 45 days before govt term ends? & why just 2 weeks before budget? This is a tax on honest people - a slap on the face of honest taxpayers.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 6, 2018
The questionable intent of this scheme is also reflected in the confusion delib caused by Abbasi verbally referring to the scheme not being applicable to "politically exposed persons" while the doc being circulated refers to "holders of public office and public servants". https://t.co/HzesbXLBVB
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 6, 2018
ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا ایمنسٹی سکیم کا معاملہ سینیٹ میں بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا اور اس سکیم کے خلاف قرارداد بھی لائے جائے گی۔ انہوں نے کہا یہ سکیم نہیں بلکہ ملک لوٹنے والوں کو فری ہینڈ دینے کا انعام ہے، منی لانڈر نگ کرنے وا لے حکمران اپنے جیسوں کو نواز رہے ہیں۔
قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف سچ کہتے ہیں کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنے والا اپنے ذاتی اکاونٹ سے کچھ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی مدت ختم ہونے سے ڈیڑھ ماہ پہلے معاشی شب خون مارا، ایمنسٹی اسکیم لانے کا مقصد صرف اور صرف کالے دھن کو سفید کرنا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت غریب آدمی کو فائدہ پہنچانے کے لئے کبھی استثنیٰ والی کوئی اسکیم نہیں لائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود کہا کہ آف شور کمپنی بنانا جرم نہیں، وزیراعظم نے آدھا سچ بولا، درحقیقت چھپ کر آف شور کمپنی نہیں بنائی جاسکتی۔ اسد عمر نے کہا کہ پارلیمنٹ، کابینہ اور میڈیا سے چھپ کر نئی ایمنسٹی اسکیم لائی گئی، پرانی اسکیم کی طرح اب بھی لوگوں کا کالا دھن سفید ہو گا۔