(ن) لیگ کی اہم وکٹ گر گئی، ایم این اے بلال ورک پی ٹی آئی میں شامل

Last Updated On 14 April,2018 09:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب سے نون لیگ کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی، شیخوپورہ سے رکن قومی اسمبلی بلال ورک تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

پنجاب سے رکن قومی اسمبلی بلال ورک نے ساتھیوں سمیت چیئرمین تحریک انصاف عمران سے بنی گالہ میں ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر چوہدری ظہیر الدین بھی پی ٹی آئی ٹیم کا حصہ بن گئے۔ عمران خان نے نئے شامل ہونے والے کھلاڑیوں کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا 29 اپریل نئے پاکستان کی بنیادیں اٹھانے کا دن ہے ، قوم اپنی عدلیہ اور اداروں کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا طاقتور مافیا کے احتساب پر چیف جسٹس اور انکے ساتھی ججز تحسین کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا قوم کی آئندہ نسلوں پر غلامی، غربت اور جہالت مسلط کی گئی ، نظریاتی سیاست کا دور لوٹ رہا ہے ، اداروں کو بلیک میل کرنے دیں گے نہ ہی بھاگنے دیں گے۔

بلال ورک نے کہا کہ عمران خان کرپشن سے نجات کیلئے پنجاب کے عوام کی امیدوں کا محور ہیں ، ایک خاندان نے اپنے اثاثے بنانے کیلئے پنجاب اور ملک کے وسائل بیدردی سے لوٹے۔ انہوں نے کہا اپنی چوری بچانے کیلئے پارلیمان کو بے توقیر اور ریاستی اداروں پر یلغار کی گئی۔