تحریک انصاف کا زرداری، بلاول کو کراچی میں عمران سے مقابلے کا چیلنج

Last Updated On 16 April,2018 08:46 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) تحریک انصاف نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو کراچی میں عمران خان کے مقابلے پر الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔ پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمارا حتمی فیصلہ ہے کہ چیئرمین عمران خان کراچی سے الیکشن لڑینگے اور تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔

انصاف ہاؤس میں فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کراچی سے الیکشن میں حصہ لینے کی خبر پر مخالفین کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہا ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ملک بھر سے کامیابیاں سمیٹے گی۔ باریاں لینے والوں نے ملک و قوم کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ کراچی کے نائب صدر و بانی رکن عمران صدیقی، ایم کیو ایم کے عہدیدار جمشید اور پاک سرزمین پارٹی کے نفیس الرحمن شیخ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکبا د پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ آپ کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ بالکل درست ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کراچی کی موجودہ صورت حال کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومتوں پر ہے۔ کے الیکٹرک کراچی میں کلر الیکٹرک بنی ہوئی ہے ۔ کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کریں گے۔