پی ٹی آئی میں بڑی جوائننگ کی خبریں، عمران خان اچانک اسلام آباد روانہ

Last Updated On 25 April,2018 10:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) مینار پاکستان کے جلسے سے پہلے تحریک انصاف نے لاہور کو پارٹی پرچم میں رنگ دیا۔ عمران خان لاہور تو آئے مگر اچانک اندرون لاہور کا دورہ منسوخ کر کے واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ کپتان کا کہنا ہے کہ ایک بڑی جوائننگ ہونے والی ہے جس وجہ سے اچانک اسلام آباد جانا پڑا۔

مینار پاکستان کا جلسہ، لاہوریوں کو متحرک کرنے کے لیے کپتان کی لاہور آمد، صبح سویرے لندن سے لاہور پہنچے اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ کپتان اندرون لاہور کا دورہ کرنے کے لیے نکلے اور داتا دربار حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ چیئرمین تحریک انصاف کو پروگرام کے مطابق داتا دربار سے بھاٹی گیٹ، شاہ عالم چوک، موچی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ جانا تھا۔ لیکن اچانک عمران خان نے اندرون لاہور کا دورہ منسوخ کیا اور رنگ روڈ کے راستے ایئرپورٹ پہنچ گئے۔

اچانک دورہ منسوخ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک زبردست جوائننگ ہونے والی ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا چودھری نثار پی ٹی آئی میں شامل ہونے جا رہے ہیں؟ تو عمران خان نے جواب دیا کہ یہ نہیں بتا سکتے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور کو پارٹی رنگ میں رنگ دیا اب پارٹی سونامی پلس بننے والی ہے۔ ایک سونامی عوام میں اور ایک پارٹی میں آئے گا۔ اسلام آباد روانگی سے پہلے کئی سیاستدانوں کی کپتان کی ٹیم میں انٹری بھی ہوئی۔ مسلم لیگ ق کے رہنماء ڈاکٹرعظیم الدین لکھوی اور ہاشم ڈوگر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے، جبکہ بہاولپور سے ممتاز سیاستدان ملک عثمان چنڑ بھی کپتان کے کھلاڑی بنے۔

تحریک انصاف نے لاہور میں سیاسی میدان لگانے کیلئے تیاریاں تو بہت کیں، لیکن اچانک دورہ منسوخ ہونے کے باعث سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ آخر ایسی کیا وجہ بنی کہ تمام دورہ ہی منسوخ کر دیا گیا۔