عمران یا زرداری سے نہیں، خلائی مخلوق سے مقابلہ ہے: نواز شریف

Last Updated On 02 May,2018 10:09 pm

صادق آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا مقابلہ تو اس خلائی مخلوق کیساتھ ہے جو نظر نہیں آتی، پاکستان کی عوام میرے ساتھ ہے۔

سابق وزیرِاعظم کا جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ اگر صادق آباد جاگ رہا ہے تو جنوبی پنجاب کا دل جاگ رہا ہے، نواز شریف کو بھی آپ سے اتنی ہی محبت ہے، یہ محبت آسانی سے نہیں ملتی، میں خوش نصیب ہوں۔ مریم نواز نے ٹھیک کہا ہے کارکنوں اور میرے درمیان فاصلہ زیادہ ہے، کارکنوں کو تو میرے پاس ہونا چاہیے تھا، کوئی بات نہیں یہ دوری بھی ختم ہو جائے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا گیا، مجھے فیصلہ سمجھ نہیں آیا، پھر مجھے تاحیات نااہل کر دیا گیا۔ میرے خلاف فیصلے کرنے والے صادق آباد آ کر عوام کا جذبہ دیکھیں، تم جتنے فیصلے سناتے ہو ان کا اتنا ہی جذبہ بڑھتا ہے۔ میرے خلاف فیصلہ دینے والے عوام کا فیصلہ بھی سن لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی تو شے ہی کچھ نہیں، ان کو کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا، کرکٹ کے زمانے میں نواز شریف کی خدمت کو بھول گئے، شوکت خانم ہسپتال بنانے کے لیے ہماری خدمت کو بھلا دیا۔

انہوں نے عمران خان اور سابق صدر آصف علی زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب! میرا آپ کیساتھ کوئی مقابلہ نہیں، آپ کوئی شے نہیں ہو۔ زرداری صاحب! میرا آپ کیساتھ بھی کوئی مقابلہ نہیں، میرا مقابلہ تو خلائی مخلوق کیساتھ ہے جو نظر نہیں آتی لیکن پاکستان کی عوام میرے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اغوا برائے تاوان کے واقعات کس نے ختم کرائے؟ کراچی میں امن کون لے کر آیا؟ پاکستان سے دہشت گردی کس نے ختم کی؟ اتنی بڑی خدمات پر نواز شریف کو فارغ کر دیا گیا۔ کروڑوں لوگ وزیرِاعظم منتخب کراتے ہیں لیکن پانچ لوگ منصب سے فارغ کر کے نکال دیتے ہیں۔