فورسز کا جنوبی وزیرستان اور بلوچستان میں آپریشن، بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

Last Updated On 04 May,2018 07:56 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقہ لدھا مکن اور بلوچستان کے علاقے کوہلو میں آپریشن کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔

ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقہ لدھا مکن میں خفیہ معلومات پر آپریشن کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بڑی تعداد میں اسلحہ، بارود، بارودی سرنگیں، آر پی جی سیون، راکٹ، رائفلز اور پسٹل برآمد کر لیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے زیرِ زمین ٹھکانوں سے دستی بم، ٹینک شکن سرنگیں اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقہ کوہلو میں بھی آپریشن کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ بارود، راکٹ اور مارٹر گولے برآمد کر لیے ہیں۔