قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ایمنسٹی سکیم مسترد کر دی

Last Updated On 04 May,2018 09:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے وزیرِاعظم کی ایمنسٹی سکیم اور جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکس سکیم مسترد کر دی۔ کمیٹی اراکین نے کہا کہ وفاق کے پاس جائیدادوں پر ٹیکس وصولی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

فاروق ایچ نائیک کے زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ایمنسٹی سکیم کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی اراکین نے کہا کہ وفاق کے پاس جائیدادوں پر ٹیکس وصولی کا کوئی اختیار نہیں، حکومت ایمنسٹی سکیم کو پہلے مشترکہ مفادات کونسل میں لائے اور منظوری کے بعد ہی کوئی طریقہ کار اپنائے۔

کمیٹی نے کہا کہ حکومت کے پاس ڈی سی ریٹ ختم کر کے مارکیٹ ریٹ لاگو کرنے کا اختیار بھی نہیں، اس اقدام سے ٹیکس وصول ہو گا اور نہ ہی مارکیٹ ریٹ کا درست تعین ہو سکے گا۔