وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کی عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج

Last Updated On 07 May,2018 10:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کو عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج دی گئی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر احسن اقبال کے ہیش ٹیگ سے حملے کا معاملہ ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

وزیر داخلہ احسن اقبال لاہور سے 100 کلومیٹر دور شہر نارووال میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے، ان پر حملے کو عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج دی گئی ہے۔ برطانوی ادارے بی بی سی کی ویب سائٹ پر حملہ ٹاپ نیوز میں شامل ہے، جسکی ہیڈ لائن ہے   مسلح شخص نے پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال کو پنجاب میں زخمی کر دیا۔

امریکی اخبارات نیو یارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ میں بھی احسن اقبال پر حملے کی خبر نمایاں ہے جبکہ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے بھی خبر دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی حملے کے حوالے سے احسن اقبال کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ ہے، ان پر حملے کی بریکنگ نیوز خبر رساں ادارے اے ایف پی، ٹائم اور افغان ادارے طلوع نیوز نے دی۔