اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے الزام پر ایم کیو ایم پاکستان، لندن اور پی ایس پی کے 30 رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ان افراد نے تفتیش میں تعاون کیا نہ ہی اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کیں۔
ایم کیو ایم منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، چار ممالک کے ذریعے پیسوں کی منتقلی کا انکشاف، 30 کارکنوں اور رہنماؤں کی نشاندہی، گرفتاری کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق رقوم پاکستان سے سری لنکا، جنوبی افریقا، دبئی اور پھر لندن پہنچیں۔ منی لانڈرنگ میں ایم کیو ایم لندن، پاکستان اور پی ایس پی کے 62 رہنماؤں اور کارکنوں کو شامل تفتیش کیا گیا۔ ان میں سے 30 افراد نے تفتیش میں تعاون کیا نہ ہی اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے عدمِ تعاون پر ان کی گرفتاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ منی لانڈرنگ کے مقدمے کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔